مٹیاری میں سندھ کا ثقافتی دن جوش و خروش اور رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ منایا گیا

33

مٹیاری رپورٹ: سیتارام باگڑی

مٹیاری سمیت دنیا بھر میں سندھ کا ثقافتی دن بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں مٹیاری میں بھی رنگا رنگ تقریبات، ریلیاں اور ثقافتی سرگرمیوں نے شہر کی فضا کو مکمل طور پر سندھی ثقافت کے رنگوں سے رنگ دیا۔

سٹی پریس کلب مٹیاری کی میزبانی میں پریس کلب کے سامنے ثقافتی کیمپ قائم کیا گیا، جہاں صبح سے شام تک شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کیمپ پر آنے والے مہمانوں کا صحافیوں نے روایتی اجرک پہن کر پرتپاک استقبال کیا، جبکہ ثقافتی اسٹالز، فن پارے اور روایتی مظاہرے ماحول کو میلے کا رنگ دے گئے۔

مٹیاری اور آس پاس کے شہروں، دیہاتوں اور قصبوں سے آئے بچوں، نوجوانوں، خواتین اور بزرگوں نے روایتی اجرک، ٹوپی اور سندھی لباس زیب تن کر کے ریلیوں کی صورت میں ثقافتی کیمپ کا رخ کیا۔ کئی نوجوان کُہڑیاں اور ڈھالیں اٹھائے ہوئے تھے، جبکہ سندھی گیتوں پر رقص اور جھومر نے ثقافتی دن میں مزید جان ڈال دی۔

سندھی قوم پرست اور سیاسی تنظیمیں جیسے جسقم آریسر، جسقم شہید بشیر خان اور قومی عوامی تحریک کی جانب سے نکالی گئی ریلیاں ڈھول، موسیقی اور نعروں کے ساتھ ثقافتی کیمپ پر پہنچی، جنہوں نے شہر کی گلیوں اور بازاروں کو دن بھر جشن میں بدل دیا۔

تقریب میں سندھی ادبی سنگت کا وفد بھی شریک ہوا، جس نے ادبی اور فکری حوالوں سے تقریب کو وقار بخشا۔ ادبی شخصیات نے سندھ کی زبان، تاریخ، ورثے اور روایات پر اظہارِ خیال کیا۔

تقریب کے دوران روایتی رقص، سندھی گیت، اجرک، ٹوپی اور ثقافتی ملبوسات نے مٹیاری شہر کو ایک دن کے لیے سندھ کی تہذیب کی زندہ تصویر بنا دیا۔

Comments are closed.