ادویات کے خلاف بڑی کارروائی

28

 خضدار، 5 دسمبر 2025: ڈپٹی کمشنر خضدار کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالحفیظ کاکڑ نے محکمہ ہیلتھ کی ٹیم کے ہمراہ خضدار سٹی اور مضافاتی علاقوں میں جعلی ڈاکٹرز اور غیر معیاری ادویات کے خلاف زبردست کارروائی کی۔

اس کارروائی کے دوران شہر کے ملحقہ علاقوں جعفرآباد اور خیراواہ میں 20 نجی کلینکس اور ایک مشکوک لیبارٹری کی جانچ کی گئی، جن میں سے 12 جعلی کلینکس اور ایک لیبارٹری کو فوراً سیل کر دیا گیا۔ متعدد میڈیکل اسٹورز سے حکومت کے لیبل والی ادویات اور ممنوعہ بھارتی برانڈز کی ادویات برآمد کر کے ضبط کی گئیں، جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے اس کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی مفاد میں ایک بڑی کاروائی ہے اور عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کو کسی صورت معافی نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں جعلی ڈاکٹرز، غیر رجسٹرڈ کلینکس اور غیر قانونی ادویات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

خضدار کے مختلف مکاتب فکر نے بھی اس کارروائی کو سراہا اور کہا کہ یہ عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، جسے موجودہ ضلعی انتظامیہ کی قیادت میں عملی شکل دی گئی ہے۔

Comments are closed.