لسبیلہ یونیورسٹی میں خواتین کے لیے انٹرپرینیوشب گالا اور مینا بازار کا انعقاد

45

اوتھل (رپورٹ-عزیز یوسفزئی)لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز میں دفترِ ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن  کے زیرِ اہتمام اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے خواتین کے لیے انٹرپرینیوشب گالا اور مینا بازار منعقد کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ افتتاح محکمہ ترقیِ نسواں بلوچستان کی سیکریٹری سائرہ عطا, وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین نے کیا۔
افتتاحی تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر بالاچ رشید، اسٹیٹ بینک کے چیف منیجر مدثر احمد، ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر جاوید معراج، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سراج احمد بلوچ سمیت دیگر مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں با اختیار بنانا ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے ORIC اور اسٹیٹ بینک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
مہمان خصوصی سیکریٹری سائرہ عطا نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کو حقوق اور معاشی خود مختاری دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انکیوبیشن سینٹر قائم کیے گئے ہیں جہاں خواتین کو ہنر، کاروبار شروع کرنے کی تربیت اور ضروری رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ ترقیِ نسواں کی جانب سے خواتین کے لیے بلا سود 5 سے 15 لاکھ روپے تک قرضے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔اسٹیٹ بینک کے چیف منیجر مدثر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بینکس خواتین کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور اس طرح کی تقریبات ان کے لیے نئی راہیں کھولتی ہیں۔
تقریب کے بعد سیکریٹری سائرہ عطا، وائس چانسلر اور دیگر شرکاء نے خواتین انٹرپرینیوشب گالا اور مینا بازار میں خواتین کے قائم کردہ مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور ان کے ہنر کی تعریف کی۔ مینا بازار میں لسبیلہ کے مختلف علاقوں سے خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بعدازاں سیکریٹری سائرہ عطا نے وائس چانسلر عبدالمالک ترین سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں تعلیمی سرگرمیوں، فوڈ گالا اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Comments are closed.