میر عطاء اللہ خان بلیدی کی جانب سے پلال برادری کے اعزاز میں شاندار ظہرانہ

23

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

نصیرآباد — سیاسی و قبائلی شخصیت میر عطاء اللہ خان بلیدی کی جانب سے اے کے رائس مل اوستہ محمد میں جعفرآباد، نصیرآباد اور اوستہ محمد سے تعلق رکھنے والی پلال برادری کے اعزاز میں پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں پلال اقوام کے معززین، معتبرین اور قبائلی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا ماحول ایک بڑے قبائلی جرگے کا منظر پیش کر رہا تھا۔

تقریب کے شرکاء نے مرحوم سردار زادہ میر بہرام خان بلیدی کی قبائلی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ پلال برادری کے دکھ سکھ میں شریک ہو کر حقیقی قبائلی بھائی چارے کی مثال قائم کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام میں مرحوم کا کردار ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔

شرکاء نے خطاب میں کہا کہ بلیدی خاندان کی خدمات قابل تحسین ہیں اور ان کی کوششوں نے علاقے میں بھائی چارے، امن اور یکجہتی کو فروغ دیا۔ مہمانوں نے میر عطاء اللہ خان بلیدی کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات قبائلی ہم آہنگی کو مضبوط کرتی ہیں۔

اپنے خطاب میں میر عطاء اللہ خان بلیدی نے کہا کہ پلال اقوام باہمی اختلافات و رنجشوں کو ختم کر کے ایک صف میں کھڑی ہو جائیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ برادری کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحاد و اتفاق ہی نوجوان نسل کے بہتر مستقبل اور علاقائی ترقی کی بنیاد ہے۔ تقریب دعائیہ کلمات پر اختتام پذیر ہوئی۔

Comments are closed.