حب میں جرمن کمپنی کی 50 ملین ڈالر سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع میں اضافہ متوقع

24

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

حب (نمائندہ خصوصی) – صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری کی کوششوں کے نتیجے میں حب شہر میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہونے جا رہی ہے۔ جرمن کمپنی AOCH GmbH کی جانب سے 50 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے بعد حب شہر کے ساحلی علاقے گڈانی میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق، کمپنی کی ٹیم کے اراکین کیملنگ اسکبا اور سبستین جورج نے حب شہر کے ساحلی علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری اور سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے میزبانی کی۔ دورے کے دوران جرمن کمپنی کے وفد نے گڈانی کے مختلف سائٹس کا معائنہ کیا اور علاقے کو سرمایہ کاری کے لیے سازگار قرار دیا۔ زہری فارم ہاؤس حب میں کمپنی کی ٹیم نے صوبائی وزیر اور سینیٹر کو پروجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ حب شہر کا ساحل سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ ہے۔

دورے میں میر وہاب بزنجو، ڈپٹی کمشنر حب اسماعیل ابراہیم بلوچ، ایس ایس پی حب فاضل بخاری، پی ڈی گڈانی شپ بریکنگ یارڈ سعید عمرانی، چیئرمین گڈانی میونسپل کمیٹی جان شیر بلوچ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود رہیں۔ حب شہر کے ساحلی علاقے میں جرمن کمپنی ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور گل پاشی کی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرمایہ کاری کے منصوبے دیرپا اور ماحول دوست ہوں گے، جن میں سمندر میں گرنے والے آئل کی صفائی کے منصوبے سمیت آئل ریفائنری اور دیگر اہم پروجیکٹس شامل ہیں۔ ان منصوبوں سے ماحولیاتی آلودگی کم ہوگی اور سمندری حیات محفوظ رہے گی۔

صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے کہا کہ حب ایک پرامن اور سرمایہ کار دوست علاقہ ہے، اور یہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سرمایہ کاروں کو بہترین ماحول فراہم کرنا ان کی ذمہ داری ہے اور حب شہر میں بے روزگاری کی شرح میں کمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

Comments are closed.