تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا امتحانی مراکز کا دورہ امتحانی انتظامات پر اظہارِ اطمینان

26

📌 عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

تربت، 2 دسمبر 2025:
یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ پروگرامز کے فال سمسٹر 2025 کے فائنل امتحانات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عبدالماجد ناصر، ڈپٹی کنٹرولر شکیل احمد، ڈپٹی رجسٹرار شاہد خالد اور اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات خلیل احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دورے کے دوران وائس چانسلر نے متعلقہ حکام اور امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ وہ امتحانات کے دوران مکمل مستعدی کا مظاہرہ کریں اور امتحانی عمل میں شفافیت، نظم و ضبط اور بہتر ماحول ہر صورت یقینی بنائیں۔

یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر نے منظم، شفاف اور پُرامن ماحول میں امتحانات کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور رجسٹرار آفس و شعبہ امتحانات کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔

ترجمان کے مطابق وائس چانسلر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی آف تربت تدریسی معیار کو بلند کرنے اور امتحانی نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل اور سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی معیار کو جدید تقاضوں اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بہتری اور اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Comments are closed.