وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے امریکی قونصل جنرل تھامس ایکرٹ کی اہم ملاقات

29

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پشاور، 2 دسمبر:
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے امریکی قونصل جنرل تھامس ایکرٹ نے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں اہم ملاقات کی۔ اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، معدنیات، توانائی اور سکیورٹی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

تھامس ایکرٹ نے کہا کہ تجارتی سفارتکاری امریکی خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون ہے اور اقتصادی سفارتکاری کے فروغ سے مجموعی امن و استحکام کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے معدنیات اور توانائی میں شراکت داری کو اقتصادی تعاون مضبوط کرنے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ عوامی مفاد صوبائی حکومت کے فیصلوں میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ خیبر پختونخوا منرلز ایکٹ کے تحت مقامی آبادی کو سرمایہ کاری میں اولین ترجیح حاصل ہے اور مقامی آبادی کو فائدہ پہنچانے والی نجی سرمایہ کاری کی مکمل حوصلہ افزائی اور سہولت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سستی اور صاف توانائی کے لیے چھوٹے پن بجلی گھروں اور ڈیموں پر کام کر رہی ہے۔ سہیل آفریدی نے بتایا کہ نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا، لیکن اب صوبائی حکومت انفراسٹرکچر، ادارہ جاتی مضبوطی اور استعداد سازی پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں نایاب معدنی ذخائر سے مقامی آبادی کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جائے گا۔

اجلاس میں عالمی تجارت کے فروغ کے لیے بزنس اینڈ انویسٹمنٹ روڈ شو کرانے اور قیمتی و نایاب معدنیات کے لیز ہولڈرز کو مدعو کرنے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

Comments are closed.