پاکستانتازہ ترین

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن تیز کیا جائے۔سید امان شاہ

کراچی ( )عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں حالیہ شدید مون سون بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ ایک بار پھر قدرتی آفت کا شکار ہو گئے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں لوگ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے کئی دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں، سینکڑوں مکانات منہدم ہو گئے، سڑکیں اور پل بہہ گئے، کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں اور مال مویشی بھی بڑی تعداد میں ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں تیزی لائی جائے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر متاثرین کیلئے خوراک، صاف پانی، خیمے، کمبل اور طبی سہولیات فراہم کرے اور بے گھر ہونے والے خاندانوں کی فوری بحالی کیلئے جامع منصوبہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر وہاں خصوصی پیکج کا اعلان کرے تاکہ لوگ دوبارہ اپنے گھروں کو آباد کر سکیں۔ انہوں نے مخیر حضرات، فلاحی اداروں اور سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں۔ سید امان شاہ نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ مصیبت کے اس وقت میں یکجہتی کے منتظر ہیں اور ہم سب کا فرض ہے کہ ان کے زخموں پر مرہم رکھیں۔ انہوں نےکہا کہ عوام پاکستان پارٹی اپنے کارکنوں کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہی ہے اور جہاں ممکن ہو، متاثرین کی مدد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ متاثرہ عوام کی آواز بن کر ان کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔

*ترجمان بلوچستان عوام پاکستان پارٹی*

Related Articles

Back to top button