
اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا ہے پارلیمانی سٹاف کا ادارے کو موثر اور فعال بنانے میں اہم کردار ہوتا ہے اور پارلیمان کی انتظامی قیادت اور مہارت کے ذریعے پارلیمان اپنا آئینی اور قانونی کردار بخوبی سرانجام دے سکتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ان خیالات کا اظہار سبکدوش ہونے والے سیکرٹری سینیٹ محمد انور کے اعزاز دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے سیکریٹری سینیٹ کی ادارے کیلئے خدمات کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔ محمد انور مارچ 1982 سے سینیٹ کے مختلف شعبوں میں مختلف عہدوں پر خدمات سرانجام دیں، قانونی و انتظامی امور میں وسیع تجربہ رکھتے تھے۔ انہوں نے سیاسیات میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی جبکہ اس کے علاوہ قومی و بین الاقوامی سطح پر مختلف کانفرنسوں میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔انہوں نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر تربیتی کورسز کے علاوہ پارلیمانی سٹاف، پارلیمنٹرینز اور مختلف محکموں کے افسران کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے بھی معلوماتی لیکچرز بھی دیئے۔


