
لندن (این این آئی)انگلینڈ کی کرکٹ کائونٹی سمر سیٹ نے تصدیق کردی ہے کہ جنوبی افریقہ کے مشہور فاسٹ بائولر ورنن فلینڈر نے کائونٹی سے کولپاک معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سمرسیٹ نے ورنن فلینڈر سے کولپاک معاہدے پر اتفاق کی تصدیق کی ہے تاہم کلب کو نئے سال کے آغاز تک فلینڈر کی جانب سے معاہدے پر دستخط کی توقع نہیں ۔سمرسیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ فلینڈر کے حوالے معاملات طے پانے کے لیے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے ضروری قانونی نکات طے کررہے ہیں تاکہ وہ کھلاڑیوں کے کولپاک معاہدے میں رجسٹر ہوجائیں۔کلب کے مطابق کاغذی کارروائی کو حتمی شکل دینے کے لیے ای سی بی سے معاہدہ مکمل کیا جارہا ہے اور ہم نئے سال میں معاہدے کے حوالے سے تمام کارروائی مکمل کرنے جارہے ہیں۔فلینڈر نے اس سے قبل سمرسیٹ کی جانب سے 2012 میں 5 میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور 23 وکٹیں حاصل کی تھیں۔انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز سے قبل یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ ورنن فلینڈر اس سیریز کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے انگلش کائونٹی سے کولپاک معاہدہ کریں گے۔




