ایریگیشن سسٹم میں بہتری لا کر موجودہ حکومت نے ریکارڈ بمپر کرافٹ فصلیں حاصل کی ہیں،صادق عمرانی
صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ایریگیشن سسٹم میں بہتری لا کر موجودہ حکومت نے ریکارڈ بمپر کرافٹ فصلیں حاصل کی ہیں جس سے نہ صرف صوبے کی خوراک کی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں بلکہ خطیر رقم کی پیداوار حاصل کر کے کسانوں کو مزید معاشی طور پر مستحکم کیا گیا ہے، بلوچستان کے اپنے حصے کے پانی سے مزید ایک لاکھ ایکڑ اراضی سیراب کی گئی، بروقت پانی کی فراہمی اور منصفانہ طور پر پانی کے تقسیم کار کے عمل کو یقینی بنایا گیا تاکہ ٹیل کے زمینداروں کو بھی ان کے جائز حصے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے، غیر ملکی ایجنسیاں بلوچستان میں عدم استحکام کے لیے سرگرداں ہیں موجودہ جمہوری حکومت صوبے بھر میں امن و امان کے قیام روزگار کی فراہمی اور مفاد عامہ میں بہتر اقدامات کرنے میں مصروف عمل ہے ،بین الاقوامی ایجنسیاں بلوچستان میں حالات خراب کرنے پر تلی ہوئی ہیں مگر انہیں رسوائی کے سوا کچھ ملنے والا نہیں ہم بلوچستان میں امن کے خواہاں ہیں اس لیے امن پسندی کو مزید فروغ دینے کے لیے بات چیت کے لیے تیار ہیں اگر قانون ہاتھ میں لیا گیا تو قانون حرکت میں آئے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمرانی ہائوس ڈیرہ مراد جمالی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اجتماعیت کو فوقیت دی ہے تاکہ وہ منصوبے جن سے اجتماعی طور پر لوگ مستفید ہوں انہیں مزید پروان چڑھایا جائے اس حوالے سے ہم عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ہمارا مقصد مفاد عامہ میں بہتر اقدامات کو یقینی بنانا ہے لیور ٹرانسپلانٹ میڈیکل کالج ڈیرہ مراد جمالی ، شہریوں کو مالکانہ حقوق کی فراہمی سمیت دیگر منصوبے ہمارے عوام کے ساتھ کیے گئے تمام وعدوں کی پاسداری کا آئینہ دار ہے ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو اپنا سیاسی وطیرہ سمجھا ہے میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں قیام امن کے لیے اقدامات کرنے میں مصروف عمل ہے امن پسندی کے فروغ اور عوام کو پر امن ماحول میں زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے احتجاج اور روڈ بلاک کرنے سے مسئلے کا ہرگز حل نہیں نکلتا اس لیے ضروری ہے کہ ٹیبل ٹاک کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جائے اور صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے موجودہ حکومت مفاہمتی امور پر یقین رکھتی ہے اس لیے ضروری ہے کہ وہ بہتر سے بہتر اقدامات کیے جائیں جن سے عوام براہ راست مستفید ہو سکے۔