وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سعودی ہم منصب کی ملاقات ، کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد (این این آئی) سعودی عرب اور پاکستان نے کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔ جمعرات کو سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ پہنچے تو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب کا خیر مقدم کیا۔ بعد ازاں سعودی وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ میں مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے معاملات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ دونوں ممالک کثیر جہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی حمایت پر سعودی وزیر خارجہ اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔ ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔یا رہے کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔