چینی سفیر کی وزیر ریلوے شیخ رشید سے ملاقات
اسلام آباد (این این آئی)وزیرریلوے شیخ رشید احمد سے پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جِنگ نے ملاقات کی جس میں کراچی تا پشاور مین لائین ون ریل منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ 1872 کلو میٹر کراچی پشاور مین لائین ون منصوبے کا پی سی ون پیکج پلاننگ کمیشن کوبجھوا دیا ہے،امید ہے اسی سال منظور ہوجائیگا۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ ایم ایل ون پر کام اگلے سال سے شروع کیا جا رہا ہے، منصوبے کی رفتار کو مزید تیز کرینگے۔انہوںنے کہاکہ ایم ایل ون پراجیکٹ سی پیک منصوبوں کا دل ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔چینی سفیر نے کہاکہ ایم ایل ون منصوبہ سی پیک کے اگلے فیز کا اہم ترین منصوبہ ہے چین اس تکمیل کیلئے تمام وسائل فراہم کرے گا۔ انہوںنے کہاکہ چینی حکومت اور ریل کمپنیاں ،پاکستان ریلوے کی ترقی میں تمام ممکنہ معاونت فراہم کرینگی۔