وفاقی وزیر صحت سیدمصطفی کمال سے وزیر صحت آزاد حکومتِ ریاستِ جموں و کشمیر سید بازل علی نقوی نے اسلام آباد میں تفصیلی اور اہم ملاقات کی
وفاقی وزیر صحت سیدمصطفی کمال سے وزیر صحت آزاد حکومتِ ریاستِ جموں و کشمیر سید بازل علی نقوی نے اسلام آباد میں تفصیلی اور اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وفاقی سیکرٹری صحت، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سمیت وفاق اور آزاد کشمیر کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جس میں صحت کے شعبے سے متعلق متعدد اہم امور پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران آزاد کشمیر میں جاری اور آئندہ مالی سال کے لیے مجوزہ پی ایس ڈی پی (PSDP) منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ہسپتالوں میں سہولیات کے معیار کو بلند کرنے، جدید طبی آلات کی فراہمی اور انسانی وسائل کی استعداد کار میں اضافے پر گفتگو کی گئی۔ خاص طور پر نرسنگ کے شعبے کی بہتری، نرسنگ اداروں کی اپ گریڈیشن، پیشہ ورانہ تربیت اور درپیش فنڈنگ کے مسائل پر تفصیل سے غور کیا گیا۔وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر کہا کہ آزاد کشمیر کے ترقیاتی صحت منصوبے وفاقی حکومت کی خصوصی توجہ کا مرکز ہیں اور ان منصوبوں کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور آزاد کشمیر کے درمیان قریبی تعاون سے نہ صرف جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکتا ہے بلکہ نئے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو بہتر، معیاری اور قابلِ رسائی طبی سہولیات کی فراہمی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے صحت کے شعبے میں اصلاحات، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔وزیر صحت آزاد کشمیر سید بازل علی نقوی نے آزاد کشمیر کے صحت کے نظام، درپیش چیلنجز اور اصلاحاتی اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے وفاقی حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاق کی معاونت سے آزاد کشمیر میں صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جس کے مثبت اثرات براہِ راست عوام تک پہنچیں گے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں وزراء کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وفاق اور آزاد کشمیر کے درمیان صحت کے منصوبوں میں باہمی تعاون اور رابطہ کاری کو مزید مضبوط کیا جائے گا، تاکہ خطے کے عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
Comments are closed.