گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بخشی کالونی اور گرلز ہائی اسکول ملا بند میں سالانہ اسپورٹس ایونٹ “گولڈن ویک” کا باقاعدہ اور پروقار آغاز کر دیا گیا

25

گوادر: گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بخشی کالونی اور گرلز ہائی اسکول ملا بند میں سالانہ اسپورٹس ایونٹ “گولڈن ویک” کا باقاعدہ اور پروقار آغاز کر دیا گیا، جو ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔ افتتاحی تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (خواتین) محترمہ زراتون بی بی تھیں، جبکہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (خواتین) محترمہ فرزانہ ساجد بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔تقریب کا آغاز افتتاحی فیتہ کاٹنے سے کیا گیا، جس کے بعد خوشی کے اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ اسپورٹس ویک کے پہلے روز ٹگ آف وار اور مختلف دوڑوں کے مقابلے منعقد ہوئے، جن میں طالبات نے بھرپور جوش و خروش، جذبے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (خواتین) نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں طالبات کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس میں حصہ لینے سے طالبات میں خود اعتمادی، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ ملتا ہے، جو عملی زندگی میں کامیابی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔انہوں نے اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مثبت اور تعلیمی سرگرمیوں کا انعقاد طالبات کی ہمہ جہت تربیت میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ “گولڈن ویک” کے دوران مختلف کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جس کا مقصد طالبات میں پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا اور مثبت تعلیمی ماحول کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

Comments are closed.