
اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کو جی 20 کی صدارت ملنے پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عالمی برادری میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار کا عکاس ہے،تنازعات اور اختلافات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے، پاکستان خطے میں امن کے لیے تمام ترکوششوں میں مدد فراہم کرتا رہے گا۔ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان دونوں برادر اسلامی ممالک پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط بنانے کے لیے ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔عمران خان اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں مدینہ منورہ پہنچے، جہاں رائل ٹرمینل پر مدینہ کے ڈپٹی گورنر وحیب السہلی اور جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر سعودی پروٹوکول کے حکام اور پاکستانی قونصلیٹ کے افسران بھی استقبال کے لیے موجود تھے جبکہ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود بھی ٹرمینل پر آئے تھے۔وزیراعظم عمران خان روضہ رسول ؐ پر حاضری دی اور نوافل کی ادائیگی کی، جس کے بعد وہ سرکاری مصروفیات کے لیے دارالحکومت ریاض روانہ ہوئے۔ بعدازاں وزیر اعظم عمران خان نے ورہ سعودی عرب کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات کی۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاک، سعودیہ دو طرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے حوالے سے وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہاگیاکہ وزیر اعظم عمران خان اور سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنمائوں نے پاک سعودی دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے سرمایہ کاری میں نئے دور کا آغاز ہوا، وزیر اعظم نے پاک سعودی تعلقات کو امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم قرار دیا۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے پاک سعودی تعلقات کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا، ملاقات میں او آئی سی اور دیگر ذرائع سے کشمیر کاز کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر بھارت کے متشدد اقدامات سے آگاہ کیا اور مسئلہ کشمیر پر حمایت کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ تنازعات اور اختلافات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے، پاکستان خطے میں امن کے لیے تمام ترکوششوں میں مدد فراہم کرتا رہے گا۔اعلامیے کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد نے پاکستان میں سیاحت کی ترقی میں ہر ممکن تعاون پر اتفاق کیا اور کہا کہ سیاحت میں تعاون کے لیے سعودی ٹیم جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گی۔ پاک سعودی تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے جی 20 کی صدارت ملنے پر سعودی ولی عہد کو مبارکباد دی۔




