وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ الجدعان سے اعلی سطحی ملاقات، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ

0 11

:علاقائی تعاون اور معاشی خوشحالی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر پاکستان کے وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ الجدعان کے ساتھ ایک اعلی سطحی ملاقات کی۔ ہفتہ کو وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات سعودی عرب کے تاریخی شہر العلا میں ایمرجنگ مارکیٹس کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔ سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان نے وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا سعودی عرب میں پرتپاک خیر مقدم کیا اور سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔

سعودی وزیر خزانہ کے ہمراہ وزیر مملکت اور وزرا کی کونسل کے رکن ڈاکٹر حماد محمد الشیخ بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ پاکستان کے مشیر خرم شہزاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ اور مشترکہ خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فریقین نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور مالیاتی شعبے میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا اور اس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں وزرائے خزانہ نے بنیادی ڈھانچے، توانائی، ٹیکنالوجی اور مالیات کے شعبوں میں تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا اور سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی مواقع کی راہ ہموار کرنے کے لیے مسلسل رابطے اور مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔یہ ملاقات پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ دوستانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کے تسلسل کی عکاس تھی، جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے امکانات روشن کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.