لورالائی میں پولیس کا کامیاب آپریشن، ایکڑوں پر مشتمل ممنوعہ فصل تلف
لورالائی، 12 دسمبر — ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ کی ہدایات اور ایس ایس پی ملک محمد اصغر عثمان کے احکامات پر ایس ڈی پی او کریم مندوخیل کی نگرانی میں تھانہ صادق علی شہید کی ٹیم نے کلی غزگی ٹک میں منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کی۔
ایس ایچ او سب انسپکٹر محمد اکرم حمزہ زئی کی قیادت میں پولیس نے ایک ایکڑ پر کاشت کی گئی افیون (تاریاک) کی ممنوعہ فصل موقع پر ہی تلف کر دی جبکہ فصل کی آبیاری کے لیے استعمال ہونے والا بور بھی ناکارہ بنا دیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 22 سولر پلیٹس بھی قبضے میں لے لیں جو مبینہ طور پر فصل کی تیاری میں استعمال ہو رہی تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق زمین کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور منشیات کی کاشت اور فروخت کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت مزید کارروائیاں بھی جاری رہیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاشرے کو منشیات کے ناسور سے بچانے کے لیے سخت اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔



