وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے جامعہ پشاور کا اچانک دورہ کیا، طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور سہولیات کا اعلان

26

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور، 11 دسمبر 2025

 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے جامعہ پشاور کے اکنامکس ڈیپارٹمنٹ کا اچانک دورہ کیا اور طلبہ سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے جامعہ کے مجموعی تعلیمی ماحول پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے وائس چانسلر کو جامعہ کی مالی خودکفالت کے لیے قابل عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم اور تحقیق کے فروغ، نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے تاریخی کرپشن اور امتیازی سلوک کی وجہ سے صوبے کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو صوبے کے آئینی اور جائز حقوق کے تحفظ کے لیے آگاہی بڑھانے اور جامعات میں مباحثوں کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی ہاسٹلز میں طلبہ کے لیے رعایتی کھانے کی سہولت، اکنامکس ڈیپارٹمنٹ کی کمپیوٹر لیب کی اپ گریڈیشن اور اکنامکس، پولیٹیکل سائنس اور آئی ایم اسٹڈیز کے ڈیپارٹمنٹس کی سولرائزیشن کے منصوبے کا اعلان کیا، جس کی مجموعی لاگت 5 کروڑ 30 لاکھ روپے ہے۔ آئندہ بجٹ میں طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور مالی پیکجز شامل کیے جائیں گے اور انٹرن شپ پالیسی کے ذریعے نوجوانوں کے روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے طلبہ سے کہا کہ محنت، آگاہی اور عزم اپنا شعار بنائیں کیونکہ صوبے کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور حکومت ہر سطح پر ان کی معاونت کے لیے پرعزم ہے۔

Comments are closed.