تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات، یونیورسٹی کی پیشرفت اور چیلنجز پر تبادلہ خیال،آئندہ کانووکیشن میں شرکت کی دعوت
تربت[11دسمبر2025] یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اسلام آباد میں ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے نو تعینات ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر ضیاءالحق سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وائس چانسلر نے ڈاکٹر ضیاء الحق کو نیا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق ملاقات میں بلوچستان میں اعلی تعلیم کے فروغ اورتربت یونیورسٹی کی مزید ترقی کے لئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وائس چانسلر نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو تربت یونیورسٹی کی تعلیمی کامیابیوں، تحقیقی پیشرفت،انفراسٹرکچراور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے محدود وسائل اور مالی مشکلات کی وجہ سے یونیورسٹی کو درپیش مختلف چیلنجز کے بارے میں بھی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کوآگاہ کیا ۔ڈاکٹر ضیاء الحق نے مالی مشکلات کے باوجود پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں تربت یونیورسٹی کی نمایاں تعلیمی اور ادارہ جاتی ترقی کو سراہا۔ انہوں نے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی پروگراموں اور خطے میں معیاری اعلی تعلیم کے فروغ میں تربت یونیورسٹی کے کردار کوسراہتے ہوئے یونیورسٹی کی مسلسل ترقی کے لئے ہائرایجوکیشن کمیشن کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کوتربت یونیورسٹی کے آئندہ کانووکیشن میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ ڈاکٹر ضیاء الحق نے دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
Comments are closed.