ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول اور گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اینڈ ہائر ایجوکیشن اسکول ڈیرہ مراد جمالی کا تفصیلی دورہ کیا۔
نصیرآباد۔۔۔۔۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول اور گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اینڈ ہائر ایجوکیشن اسکول ڈیرہ مراد جمالی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اساتذہ کی حاضری رجسٹرڈ چیک کیے اور تدریسی عمل کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے گرلز اور بوائز سیکشن کی میٹرک کلاسز میں بیالوجی اور ریاضی کے علیحدہ علیحدہ پیریڈز بھی لیے، جہاں انہوں نے طلبہ و طالبات سے نصابی مضامین سے متعلق سوالات کیے اور نہایت سلیس انداز میں رہنمائی فراہم کی۔ بچوں نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے دی گئی معلومات اور دوستانہ رویے پر خوشی کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی بھی ہمراہ تھے۔ پرنسپل بصیر احمد بھٹو اور پرنسپل عارفہ نے انہیں اسکول کے تدریسی عمل، انتظامی صورتحال اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا روشن مستقبل براہِ راست اساتذہ کی محنت اور ذمہ داری سے جڑا ہوا ہے، اس لیے اساتذہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جہالت کی تاریکی کا خاتمہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے مگر اساتذہ پر اس حوالے سے خصوصی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ اپنے فرائض خوش اسلوبی، ایمانداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے طلبہ و طالبات میں تدریسی عمل سے متعلق موجودہ آگاہی کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ مزید بہتر طریقے سے اپنی خدمات انجام دیں تاکہ نصیرآباد کے تعلیمی ادارے ترقی کی نئی راہیں کھول سکیں۔
Comments are closed.