
راولپنڈی (این این آئی)پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں بحال ہوگئیں اور اس سلسلے میں بدھ کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن کپتان دمتھ کرونارتنے نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی ہے اس لیے بیٹنگ کافیصلہ کیا۔سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی ان کنڈیشز میں کھیلنے کے عادی ہیں۔ٹاس کے موقع پر گفتگو میں پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے بتایا کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر خوشی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی جانب سے عابد علی اور عثمان شنواری نے ٹیسٹ کیریئر کا ڈیبیو کیا ہے، انہوں نے یاسر شاہ کو ٹیم سے باہر کرنے کے فیصلے کو مشکل قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی بہت پرجوش ہیں اور ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کی بہت خوشی ہے کیوں کہ بہت عرصے سے پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلی۔




