وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر فلسطینی بہن بھائیوں کیلئے100 ٹن امدادی سامان کی کھیپ روانہ
لاہور۔10دسمبر :وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر فلسطینی بہن بھائیوں کیلئے100 ٹن امدادی سامان کی کھیپ خصوصی پرواز کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ کر دی گئی۔امدادی سامان کی روانگی وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی نے اپنی قیادت میں این ڈی ایم اے کے زیرِ انتظام مکمل کرائی۔روانہ کئے گئے سامان میں ادویات،خیمے،کمبل اور پانی کے کین شامل ہیں۔طلحہ برکی کے مطابق پاکستان اب تک غزہ کے لیے مجموعی طور پر26 امدادی کھیپیں روانہ کر چکا ہے جبکہ فلسطینی عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے2527 ٹن امدادی سامان بھجوایا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلسل امدادی کوششیں پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور بین الاقوامی و ملکی فلاحی اداروں سے مضبوط تعاون کا مظہر ہیں۔انہوں نے این ڈی ایم اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے امدادی سامان کی فوری روانگی کیلئے قابلِ قدر انتظامات کئے۔معاون خصوصی نے تمام فلاحی اداروں خصوصا الخدمت فاونڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس نیک مقصد کے حصول میں بھرپور کردار ادا کیا۔طلحہ برکی نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور امداد کی فراہمی کا یہ سلسلہ اسلامی اخوت،مشترکہ اقدار اور اخلاقی ذمہ داری کا عکاس ہے۔انہوں نے فلسطین میں پائیدار امن،بہادر فلسطینی عوام کی سلامتی اور استحکام کیلئے دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ امدادی پرواز مصر کے راستے خیریت سے اپنے مستحقین تک پہنچے گی۔
Comments are closed.