شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشت گردوں کے دو ٹھکانے ختم

0

آئی ایس پی آر کے مطابق 8 نومبر 2026ء کو سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوبی مضافات میں واقع گاؤں موزک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا، جس کا ہدف مبینہ طور پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانے تھے۔

آپریشن کے دوران خوارج کی جانب سے مساجد میں قائم کیے گئے دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں کو کلیئر کیا گیا، اس کارروائی کے دوران پہلے سے تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات، دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کا سامان، اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

 

دہشت گردوں نے جان بوجھ کر مساجد کو اپنے ٹھکانوں کے طور پر استعمال کیا، جہاں وہ دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کے علاوہ مبینہ طور پر تشدد کے مراکز بھی چلا رہے تھے۔

 

بیان میں بتایا گیا کہ عبادت گاہوں کی یہ بے حرمتی بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کی جانب سے اسلام کی بنیادی تعلیمات سے مکمل لاتعلقی کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان کی پشت پناہی سے سرگرم یہ خارجی دہشت گرد اسلام سے کوئی تعلق نہیں رکھتے، ہمارے عظیم مذہب کی ان کی گمراہ کن تشریح اور اسے اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنا خیبر پختونخوا اور پاکستان کے غیور و باشعور عوام کے لیے ناقابلِ قبول ہے اور وہ اسے مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

 

بتایا گیا کہ علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی میں قائم دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی جانب سے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

 

قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی

Leave A Reply

Your email address will not be published.