ٹیسٹ میں سینئر اور جونیئر کے کمبینیشن کے ساتھ جائیں گے: بابر اعظم
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میں سینیئر اور جونئیر کھلاڑیوں کے کمبینیشن کے ساتھ جائیں گے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سب پوچھ رہے ہیں کہ ہماری ٹیسٹ ٹیم میں نوجوان کیوں ہیں، ہم نے انگلینڈ میں فیصلہ کرلیا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ جائیں گے۔
پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں فرق سب کے سامنے ہے، 7 سے 8 کھلاڑی نوجوان ہیں، ہمارے کھلاڑی فرسٹ کلاس کھیل کر آرہےہیں، فارم میں ہیں، ٹیسٹ میں سینیئر اور جونئیر کے کمبینیشن کے ساتھ جائیں گے۔
بابراعظم نے کہا کہ کوئی بھی پرفیکٹ نہیں ہوتا، بہتری کی گنجائش ہمیشہ ہوتی ہے، میں اپنی غلطیوں کے بارے میں سوچتا ہوں، جتنا کھیلوں گا اتنا بہتری کی طرف جاؤں گا، کرکٹ میں کبھی پرفارمنس ہوتی ہے کبھی نہیں، ہر دن ایک جیسی غلطیاں نہیں ہوتیں۔
ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ جہاں ضرورت ہوتی ہے وہاں میں سیلیکٹرز کے سامنے بات کرتا ہوں، میرے لیے ہر سیریز ضروری ہوتی ہے اور ہر میچ جتوانے کی کوشش کرتا ہوں، بطور سینیئر ہمیشہ بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کرتاہوں، مجھے معلوم ہے فینز میری پرفارمنس کا انتظار کر رہے ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ محمد یوسف لیجنڈ اور پاکستان کے بہترین کھلاڑی ہیں، میرا محمد یوسف سے رابطہ نہیں ہوا، مجھ سے جب محمد یوسف رابطہ کریں گے تو ضرور ان سے سیکھوں گا۔
