نوجوان ہمارا مستقبل ہیں،بل میڈیکس کمپنی پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے،گورنر فیصل کریم کنڈی
:گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور ہمیں اپنی نوجوان نسل سے بہت امیدیں وابستہ ہیں ،پاکستانی نوجوان محنت اور قابلیت کے حوالے سے دنیا میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔
ہفتہ کو نجی میڈیکل آئی ٹی کمپنی بل میڈیکس کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے گورنر ہائوس کے دروازے تمام سرمایہ کاروں کے لئے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں بل میڈکس کمپنی کو خیبرپختونخوا میں اپنے دفاتر کھولنے کی دعوت دیتا ہوں،ہماری خواہش ہے کہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں،خیبر پختونخوا میں دفاتر کھولیں ہم بھرپور تعاون کریں گے۔
گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ بہت مہمان نواز اور کھلے دل کے لوگ ہیں،خیبرپختونخوا کا گورنر دفتر صوبے میں سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بل میڈکس کمپنی پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے، پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے نوجوانوں کو معیاری اور جدید تعلیم و تربیت سے لیس کرنا ضروری ہے۔ تقریب کے اختتام پر فیصل کریم کنڈی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔