پاکستان کا عالمی ترقیاتی حکمت عملیوں میں ثقافت کے مکمل انضمام پر زور
:پاکستان نے اقوام متحدہ میں عالمی ترقیاتی حکمت عملیوں میں ثقافت کے مکمل انضمام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثقافت کی ترقیاتی پالیسیوں میں شمولیت جامع اور پائیدار ترقی کو یقینی بناتی ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے گروپ آف فرینڈز آف کلچر اینڈ ڈویلپمنٹ کے تعارفی اجلاس کے دوران کہا کہ ثقافت صرف شناخت کا اظہار نہیں ہے بلکہ پائیدار ترقی،سماجی، اقتصادی اور ماحولیاتی جہتوں کو مربوط کرنے کے لئے مزید جامع، لچکدار اور تخلیقی معاشروں کی تعمیر کی کلیدی معاون ہے۔ انہوں نے یونیسکو اور گروپ آف فرینڈز فار کلچر فار سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے شریک چیئرز مصر، قبرص، اٹلی، میکسیکو اور متحدہ عرب امارات کی اس گروپ کے قیام اور اس کے افتتاحی اجلاس کے انعقاد کے لئے ان کی قیادت کی تعریف کی۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ ثقافت متعدد پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) میں اہم کردار ادا کرتی ہے،یہ ورثے کے تحفظ کے ذریعے شہروں کو مضبوط کرتی ہے، تخلیقی صنعتوں کے ذریعے مہذب کام اور اقتصادی ترقی کی حمایت کرتی ، ثقافتی تنوع کو فروغ دے کر عدم مساوات کو کم کرنے میں تعاون کرتی اور روایتی ماحولیاتی علم اور پائیدار طریقوں کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لئے اقدامات کو فروغ دیتی ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ دنیا کے قدیم ترین شہری معاشروں میں سے ایک وادی سندھ کی تہذیب کے گہوارہ کے طور پرپاکستان طویل عرصے سے ثقافتی تبادلے، اختراعات اور فنکارانہ مہارت کا مرکز رہا ہے۔موہنجو دڑو کے قدیم شہر سے لے کر ہمارے متنوع صوبوں کی متحرک روایات تک، ثقافت ہماری قومی شناخت میں گہرائی سے منسلک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے اور اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ ثقافت کو عالمی ترقی کی حکمت عملیوں میں مکمل طور پر شامل کیا جانا چاہیے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لئے تمام شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے منتظر ہیں کہ ثقافت دنیا بھر میں پائیدار ترقی کی کوششوں کا مرکز رہے۔