ڈی جی آئی ایس پی آر نے بانی پی ٹی آئی کے ملک دشمن ایجنڈے کو بے نقاب کر دیا ہے: عظمٰی بخاری

25

لاہور ()وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے ترجمان پاک فوج کے حالیہ بیان کی بھرپور تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذہنی انتشار کے شکار بانی تحریک انصاف کا ملک دشمن ایجنڈہ پوری قوم کے سامنے عیاں ہوچکا ہے.انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بھارتی میڈیا کی گود میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف بیانیہ آگے بڑھا رہے ہیں اور قوم اب ایسے چہروں کو اچھی طرح پہچان چکی ہے۔عظمٰی بخاری نے واضح کیا کہ یہ ذہنی و اخلاقی طور پر مفلوج شخصیت اقتدار کے حصول کے لیے طالبان جیسے قاتل گروہوں اور بھارت جیسے دشمن ملک کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو نہ صرف پاکستان کی سلامتی بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی شدید خطرہ ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ بنیان المرصوص کے سپہ سالار کے خلاف بے بنیاد ہرزہ سرائی دراصل بانی پی ٹی آئی کی ذہنی شکست، اخلاقی دیوالیہ پن اور وطن دشمنی کا کھلا ثبوت ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے خلاف کام کرنے والے چند عناصر ریاستی استحکام کے لیے واضح خطرہ ہیں، لیکن ریاست ان کی ہر سازش ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔عظمٰی بخاری نے کہا کہ ریاستی اداروں پر حملے، شہداء کی توہین، اور پاک فوج کے خلاف بیانیہ — یہ سب دشمن کے ایجنڈے کا حصہ ہے، جسے باشعور قوم نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف ہر بیانیہ، ہر سازش اور ہر کردار ریاست کے فولادی عزم کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوگا۔

Comments are closed.