قذافی اسٹیڈیم کی تکمیل پر افتتاحی تقریب کل لاہو ر میں منعقد ہو گی ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے ، ترجمان پی سی بی
:پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قذافی اسٹیڈیم کی تکمیل پر افتتاحی تقریب 7 فروری (کل) کو لاہو ر میں منعقد ہو گی ،جس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق 8فروری کو پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ میچ ہو گا، سہ ملکی ون ڈے سیریز کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی19فروری سے شروع ہو گی جبکہ 7فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کرکٹ شائقین مختلف رنگا رنگ تقریبات سے لطف اندوز ہوں گے جن میں لائیو گانا، شاندار آتش بازی اور ایک منفرد لائٹ شو شامل ہیں۔
معروف گلوکار علی ظفر، عارف لوہار اور آئمہ بیگ برقی پرفارمنس کے ساتھ سٹیج پر جلوہ گر ہوں گے جس کے بعد شاندار ڈھول پرفارمنس اور آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا۔ واضح رہے کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی قیادت میں پی سی بی نے ریکارڈ 117دنوں میں قذافی سٹیڈیم کو ایک جدید ترین سٹیڈیم میں تبدیل کردیا ہے،جس میں اب روشن ایل ای ڈی لائٹس اور دو نئی بڑی سکور سکرینز کے علاوہ تمام انکلوژرز میں آرام دہ سیٹیں لگا دی گئی ہیں۔
محسن نقوی نے تعمیر نو کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کی اور مقررہ مدت میں پراجیکٹ مکمل کروانے کے لیے دن رات سٹیڈیم کے دورے کیے، ان کی اس لگن کے نتیجے میں اب ایک عالمی معیار کا کرکٹ سٹیڈیم مکمل ہو چکا ہے جس میں 32ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش بن چکی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارے کرکٹ سٹیڈیمزخصوصا ًقذافی سٹیڈیم اب بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار ہو چکے ہیں اور ہمیں کرکٹ شائقین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر فخر ہے، اتنے کم وقت میں قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو ہماری پوری ٹیم کی محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے میں ان کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ناممکن کام کو ممکن بنایا۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن(ایف ڈبلیو او)، نیسپاک، کنٹریکٹرز اور پی سی بی کی ٹیموں کی مشترکہ کوششوں نے اس خواب کو حقیقت میں بدل دیا، تنقید کے باوجود ہماری ٹیم پرعزم رہی اور اللہ تعالی نے ہماری راہیں آسان کر دیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو سے اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ شائقین بہترین زاویوں سے میچ دیکھیں اور عالمی معیار کے کرکٹ کے تجربے سے لطف اندوز ہوں۔
پی سی بی اعلیٰ درجے کے کرکٹ ایونٹس فراہم کرنے اور پاکستان کو بین الاقوامی میچوں کے لیے ایک بہترین میزبان کے طور پر پیش کرنے کے اپنے مشن میں ثابت قدم رہے گا، 8 فروری سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ٹرائی سیریز کا پہلا میچ ہونے جا رہا ہے جس کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ءکے دلچسپ مرحلے کا آغاز ہو جائے گا۔