
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پشاور پہنچنے پر پر تپاک استقبال
:آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پشاور پہنچنے پر پر تپاک استقبال کیا گیا۔ جمعرات کے روز ٹرافی پہلے پشاور یونیورسٹی پہنچائی گئی جہاں پر خیبر پختونخوا کے سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ داؤد خان سمیت وائس چانسلر جامعہ پشاور پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم قاضی، ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحر کرم سمیت اساتذہ اور مقامی کھلاڑیوں نے ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کی۔
ٹرافی کو پشاور یونیورسٹی کے بعد ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم پہنچایا گیا جہاں ڈائریکٹر ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم سلیم رضا،ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس میر بشر خان، صدر پشاور ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن اصغر خان، اے آئی پی ایس ایشیا ئکے سیکرٹری و سینئر صحافی امجدعزیز ملک، ریجنل سپورٹس آفیسرکاشف فرحان، طلبہ، کرکٹ کے مقامی کوچز اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سلیم رضا کا کہنا تھا کہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی عمارت پر تعمیراتی کام تیزی کے ساتھ جاری ہے اور جلد اس پر کام مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ جتنی جلدی ہو سکے اس پر کام مکمل کیا جائے تاکہ یہاں کے لوگوں کو بھی تفریح کے مواقع ملے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا پاکستان ٹور شیخوپورہ کے تاریخی ہرن مینار کمپلیکس سے شروع ہوا۔ اس سفر میں ٹرافی کو 14 دنوں میں پاکستان کے دس مختلف شہروں میں لے جایا جائے گا۔2025 سے قبل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا عالمی سفر پاکستان میں 16 نومبر کو شروع ہوا تھا جس کے بعد ٹرافی کو 26 نومبر سے 26 جنوری تک شریک دیگر سات ممالک میں لے جایا گیا۔
اس دوسرے مرحلے میں شیخوپورہ کے علاوہ ٹرافی کو بہاولپور، فیصل آباد، حیدرآباد، اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، پشاور اور کوئٹہ لے جایا جائے گا۔ ٹرافی 8 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ ملکی سیریز کے افتتاحی میچ کے دوران نئے اپ گریڈڈ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بھی نظر آئے گی۔ یہ ٹرافی ٹور 14 فروری کو کراچی میں اختتام پذیر ہوگا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا افتتاحی میچ میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو ہونا ہے۔