نصیرآباد میں ربیع کینال ٹو کی بحالی تیز، ٹیل کے کاشتکاروں کو پانی فراہمی میں بہتری متوقع

24

 نصیرآباد — 04 دسمبر 2025

محکمہ ایریگیشن نے ایگزیکٹو انجینئر فرید احمد پندرانی کی ہدایت پر ربیع کینال ٹو کے ٹیل کے کاشتکاروں کو پانی کی بہتر فراہمی کے لیے بحالی کام تیز کر دیا ہے۔ چھتر ربیع پل آر ڈی-44 کے قریب پرانے سپر پیسج کو بھاری مشینری کے ذریعے توڑنے کا عمل جاری ہے، جو پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ کا سبب بن رہا تھا۔

محکمہ کے مطابق سپر پیسج کی مکمل صفائی کے بعد پانی کی ترسیل میں ایک سے ڈیڑھ فٹ اضافہ متوقع ہے، جس سے زرعی پانی کی کمی کا شکار ٹیل کے علاقوں کو واضح فائدہ پہنچے گا۔ فرید احمد پندرانی نے ایس ڈی او امان اللہ گاجانی کے ہمراہ چتر ربیع پل سے پتافی پل تک صورتحال کا جائزہ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ جن کاشتکاروں نے اپنی فصلوں کے لیے مطلوبہ پانی حاصل کر لیا ہے، ان کی سپلائی عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے تاکہ ٹیل کے کاشتکاروں کو ان کا جائز حصہ مل سکے۔ محکمہ ایریگیشن نے یقین دہانی کرائی کہ ہزاروں ایکڑ پر مشتمل ربیع کی فصلوں کی بہتر پیداوار کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

Comments are closed.