نیب بلوچستان کا عالمی یوم انسدادِ بدعنوانی پر سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد

24

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ – 4 دسمبر 2025

 قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان کی جانب سے عالمی یوم انسدادِ بدعنوانی 2025 کے سلسلے میں نیب کمپلیکس کوئٹہ میں سیمینار اور آگاہی واک منعقد کی گئی، جس میں مختلف جامعات کے اساتذہ و طلبہ، مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے شرکاء، نیب افسران اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمبر دشتی اور سیکریٹری ریونیو ویرندر لعل بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نیب بلوچستان نعمان اسلم نے کہا کہ بدعنوانی ملکی ترقی کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور ادارہ چیئرمین نیب لیفٹیننٹ (ر) نذیر احمد بٹ کی ہدایات کے مطابق میگا کیسز پر توجہ مرکوز کر رہا ہے، تاکہ غیر ضروری شکایات سے بچتے ہوئے حقیقی احتساب کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ کرپشن کے خلاف جدوجہد حکومت، عوام، تعلیمی اداروں اور میڈیا کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ڈی جی نیب نے ایک اہم کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ نیب بلوچستان اور بورڈ آف ریونیو کے تعاون سے ایک ملین ایکڑ سے زائد سرکاری جنگلاتی اراضی محکمہ جنگلات کے نام منتقل کی گئی، جس کی مالیت 1.3 کھرب روپے سے زیادہ ہے—جو بلوچستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا بڑا اقدام ہے۔ اس کارکردگی پر چیئرمین نیب اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نیب اور صوبائی حکومت کی ٹیم کو سراہا جبکہ وزیر اعلیٰ نے ڈی جی نیب نعمان اسلم اور کیس آفیسر ڈپٹی ڈائریکٹر ملک وحید احمد کو خط کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب کے دوران آگاہی واک کے ساتھ ساتھ مباحثہ، مضمون نویسی، آرٹ اور شارٹ فلم مقابلوں کے نمایاں شرکاء کو انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ ڈی جی نیب نے نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جامعات مستقبل کے دیانتدار اور وژنری رہنماؤں کی تربیت کا مرکز ہیں۔

انہوں نے میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ شفافیت اور احتساب کے فروغ میں تحقیقی صحافت کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے میڈیا اور تعلیمی اداروں سے تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب کا اختتام قومی یکجہتی اور شفافیت کے نئے عزم کے ساتھ ہوا، جہاں ڈی جی نیب بلوچستان نے شرکاء پر زور دیا کہ بدعنوانی سے نفرت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنی روزمرہ زندگی میں دیانت داری کو رواج دیں تاکہ کرپشن فری پاکستان ایک حقیقت بن سکے۔

Comments are closed.