سیکیورٹی فورسز کی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں مختلف کارروائیاں،23 دہشت گرد جہنم واصل

0 6

:سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 23 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کے عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع قلات میں دہشت گردی کی گھنائونی کارروائی کے پس منظر میں صوبے بھر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے متعدد آپریشنز کئے جا رہے ہیں۔

ہفتہ کے روز ضلع ہرنائی میں کی جانے والی ایسی ہی ایک کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گیارہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا اور دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کا سراغ لگا لیا گیا۔ اس سے قبل 31 جنوری اور یکم فروری کی درمیانی شب ضلع قلات کے جنرل ایریا منگچر میں سڑک پر رکاوٹ کھڑی کرنے کی دہشت گردوں کی کوشش کو کامیابی سے ناکام بناتے ہوئے بارہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ۔

اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 23 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے۔ دہشت گرد عناصر کی ملک دشمن قوتوں کے اشارے پر دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کا بنیادی مقصد معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بلوچستان کے پرامن ماحول کو درہم برہم کرنا ہے۔ آپریشن کے دوران دھرتی کے اٹھارہ بہادر بیٹوں نے دلیرانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اس گھنائونے اور بزدلانہ کارروائی کے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچانے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان اور پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.