بلوچستان: کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات 2025 کی تیاریوں کے لیے پریذائیڈنگ افسران کی دو روزہ تربیت کا آغاز
کوئٹہ، 1 دسمبر 2025: کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں پریذائیڈنگ افسران اور سینئر اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کی دو روزہ تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان، علی اصغر سیال نے کوئٹہ میں قائم دو تربیتی سینٹرز (مرد و خواتین) کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ایڈمن نعیم احمد اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کوئٹہ سید نذیر احمد بھی موجود تھے۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریذائیڈنگ اور سینئر پریذائیڈنگ افسران انتخابی عمل کی شفافیت، منصفانہ طریقۂ کار اور مؤثر انتظامات میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے تربیت میں شریک افسران کی محنت اور عزم کو قابل ستائش قرار دیا اور یقین دہانی کرائی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان شفاف اور منظم بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام اقدامات یقینی بنا رہا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ تربیت کا مقصد افسران کو پولنگ اسٹیشنز کے مؤثر انتظام اور شفاف انتخابی عمل کے لیے ضروری مہارتوں سے مکمل طور پر آگاہ کرنا ہے۔ یاد رہے کہ کوئٹہ میں یہ بلدیاتی انتخابات 28 دسمبر 2025 کو منعقد ہوں گے۔
Comments are closed.