وزیراعلیٰ پنجاب سے سعودی عرب کے سفیر کی ملاقات

0 40

لاہور(این این آئی ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعد المالکی نے ملاقات کی،پنجاب ہائوس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں اورسعودی عرب ہر قسم کے حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ دلی اور روحانی وابستگی رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کا مضبوط تعلق موجود ہے۔ پاکستان اورسعودی عرب کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہوتے ہیں۔ سعودی عرب نے ہمیشہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کی بھر پور حمایت کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے دور میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں-سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعد المالکی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔سعودی عرب اور پاکستان نے بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا ہے۔ محبت و اخوت کا یہ رشتہ مزید مستحکم ہوگا- سعودی عرب کے سفیر نے پنجاب میں سماجی شعبوں کی بہتری اور عوام کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں مشیربرائے اقتصادی امور و منصوبہ بندی وترقیات ڈاکٹر سلمان شاہ نے ملاقات کی۔ ڈاکٹر سلمان شاہ نے وزیراعلی عثمان بزدار کو پنجاب کے بزنس پلان کے حوالے سے مرتب کردہ دستاویز پیش کی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بزنس پلان کی جامع دستاویز مرتب کرنے پر ڈاکٹر سلمان شاہ اور ان کی ٹیم کی تعریف کی-ڈاکٹر سلمان شاہ نے وزیراعلیٰ کوپنجاب کے بزنس پلان کے بارے میں بریفنگ بھی دی-وزیراعلیٰ نے پنجاب بزنس پلان کی دستاویز میںگہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہاکہ پنجاب بزنس پلان کی دستاویزصوبے کی معاشی ترقی اور کاروبار کے فروغ میں ممد ومعاون ثابت ہوگی-کاروبار میں ہر سطح پر آسانیاں پید ا کی جائیں گی – پنجاب کو سرمایہ کاری ، صنعتکاری اور کاروبار کا حب بنایا جائے گا-سرمایہ کاروں، صنعتکاروں اور بزنس مینوں کے لئے پنجاب کو ماڈل صوبہ بنائیں گے-کاروبار میں آسانیاں پیدا ہونے سے معیشت مضبوط ہوگی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ہر سطح پر اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں- سرمایہ کاروں کو ایک چھت تلے ضروری سہولتیں مہیا کریں گے- انہو ںنے کہاکہ سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے مزید اقدامات اٹھائیں گے-شارٹ، میڈیم او رلانگ ٹرم پالیسیاں بنا کر اہداف کاحصول یقینی بنایا جائے گا-انہوں نے کہاکہ پنجاب میں 17اکنامک حب کی نشاندہی کر لی گئی ہے اوران اکنامک حب کو ڈویلپ کر کے پنجاب کی معیشت کو مضبوط کیا جائے گا-ای کامرس او رای گورننس کی جانب تیز ی سے پیش قدمی کرنا ہوگی- وزیراعلیٰ نے کہاکہ آپ صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے جو بھی اقدامات کریںگے، میری پوری سپورٹ آپ کے ساتھ ہوگی-مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کی معیشت کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کر لی ہے،حکمت عملی پر عملددرآمد کر کے صوبے میں صنعتی عمل کو تیز کیاجائے گا-سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے موثر اقدامات کر رہے ہیں-وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان کی سی ٹی سکین مشین خراب ہونے اور بروقت ٹھیک نہ کرانے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمانہ انکوائری کاحکم دیا ہے -وزیراعلیٰ نے کہاکہ کافی عرصے سے غیرفعال سی ٹی سکین مشین کو بروقت ٹھیک نہ کرانے کے حوالے سے حقائق سامنے لائے جائیں اوراس حوالے سے ذمہ داروں کا تعین بھی کیاجائے-وزیراعلیٰ نے صوبائی سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے 15روز میں رپورٹ طلب کر لی ہے-وزیراعلیٰ نے ہدا یت کی کہ غیر فعال سی ٹی سکین مشین کو جلد سے جلد ٹھیک کرایا جائے اوراس کے ساتھ ہی نئی سی ٹی سکین مشین خریدنے کے لئے فی الفور ضروری اقدامات کئے جائیں اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان میں نئی سی ٹی سکین مشین کی دستیابی جلد سے جلد یقینی بنائی جائے-

Leave A Reply

Your email address will not be published.