پاکستان سری لنکا ٹیسٹ،کراچی کے شہریوں کیلئے ٹریفک اور سیکیورٹی پلان جاری

0 31

کراچی (این این آئی)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹریفک اور سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔کراچی پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے سیکیورٹی پلان کے مطابق دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے 3 ہزار 647 اہلکار و افسران سیکیورٹی کے لیے تعینات کیے گئے ہیں جس میں 12گھڑ سوار اور 66 لیڈی پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ 175 پولیس موبائلز اور 41 موٹر سائیکلیں گشت پر مامور ہوں گی جبکہ 34 ایس ایس پیز، ایس پیز اور 69 ڈی ایس پیز ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔پولیس ترجمان کے مطابق اسٹیڈیم آنے والے شائقین کو اپنا قومی شناختی کارڈ لازمی ساتھ لانا ہوگا ورنہ داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ادھر ٹریفک پولیس نے بھی ٹیسٹ میچ کیلئے خصوصی پلان ترتیب دے کر متبادل راستوں کا اعلان کر دیا ہے۔پولیس ٹریفک پلان کے مطابق اسٹیڈیم فلائی اوور سے سر شاہ سلیمان روڈ، حسن اسکوائر اور حسن اسکوائر فلائی اوور سیاسٹیڈیم روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہیگا۔ٹریفک پولیس کے مطابق شہری نیشنل اسٹیڈیم انٹرسیکشن سے نیوٹائون اور ڈالمیا سے ملینیم کا راستہ اختیار کریں ، ملینیم سے حسن اسکوائر جانے والے شہری نیو ٹائون کاراستہ اختیارکریں اس کے علاوہ نیوٹائون سے حسن اسکوائر جانے والے شہری ملینیم کا راستہ اختیار کریں۔ٹریفک پولیس کی ہدایت کے مطابق سہراب گوٹھ سے نیپا اور لیاقت آباد 10نمبر سے حسن اسکوائر تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے، پیپلز چورنگی سے یونیورسٹی روڈ اور کارساز سے اسٹیڈیم تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق کرکٹ شائقین کی گاڑیوں کیلئے ایکسپو سینٹر، اتواربازار اور رعنا لیاقت گرلز کالج گرائونڈ میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے اور عوام کو ہدایت کی گئی کہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں کسی سروس روڈ یا مین روڈ پرکھڑی نہ کریں۔ٹریفک پولیس کے مطابق عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں، شہری کسی بھی پریشانی کی صورت میں ہیلپ لائن 1915سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.