تجارتی خسارے میں33فیصد کمی ،درآمد میں کمی سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی‘،خادم حسین
لاہور(این این آئی ) تاجر رہنما خادم حسین نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے5ماہ میں ملک کے تجارتی خسارہ میں33.04فیصد کمی خوش آئند ہے ،اس کمی کی بڑ ی وجہ درآمدات میں ڈبل ڈیجٹ کمی کے ساتھ برآمدی رقم میں اضافہ شامل ہے،درآمدات میں کمی سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ جولائی سے ماہ نومبرمیں تجارتی فرق9ارب 66کروڑ ڈالر ہوگیا ہے جو گزشتہ برس کے اسی عرصے میں14ارب43کروڑ ڈالر تھا ماہانہ بنیادوں پر خسارے میں 29.65فیصد کمی ہوئی اور یہ نومبر میں ایک ارب 92کروڑ ڈالر رہا ۔ حکومت کی طرف سے دوبڑے خساروں کرنٹ اکائونٹ خسارہ اور تجارتی خسارہ پر قابو پانا بڑی کامیابی ہے ۔ کامیاب پالیسی سے ماہانہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم ہونے کے قریب آگیا ہے ۔ حکومت کی مستحکم اور مضبوط معاشی پالیسیوں کے باعث تجارتی خسارہ میں کمی سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور حکومت کو مزید قرضوں سے نجات ملے گی۔درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے سے تجارتی خسارے میں33فیصد کمی سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔رواں مالی سال کے پہلے تین مہینوں میں بیرونی تجارت پر قابو پانے اور باہر سے سرمایہ کاری میں اضافہ سے صنعتی شعبہ کی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں جس سے صنعتی شعبہ میں ملازمتوں میں اضافہ سے بے روزگاری میں کمی ہوگی۔