
کوئٹہ 09دسمبر :۔چیف سیکرٹری بلوچستان (ر) فضیل اصغرنے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں صوبہ تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہے صوبائی حکومت جامع حکمت عملی کے تحت امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے بلو چستان انتہائی خوبصورت اور پر امن صوبہ ہے یہاں سیاحت کے خوبصورت اور دلکش مقامات موجود ہیںان خیالات کا اظہار انہوں نے تیسر ی بین الاقوامی یوتھ سمٹ کی اختتامی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کے وہ مہمان خصوصی تھے سمٹ میں صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی ،معاونین خصوصی، سول و فوجی آفسران سمیت روس، امریکہ، اردن، افغانستان ،تیونس ،برازیل، ہانگ کانگ ،نیپال اور دیگر 50 سے زائد ممالک کے طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے یہ صوبہ اپنے منفرد ثقافت ،تہذیب اور تمدن اور تاریخ کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے یہاں طویل ساحلی پٹی موجود ہے اس کے علاوہ دلکش تفریحی مقامات جس میں زیارت استولاآئی لینڈ اور کنڈملیر شامل ہیں۔ جن پر موجودہ حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے جسے یقینا سیاحت کے شعبے کو فروغ ملے گا اور نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سیاح یہاں کا رخ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، سمیت دیگر شعبوں کی بہتری کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرنے کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سمیت صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے تکنیکی تعلیم کے شعبے پر توجہ دی جارہی ہے۔ تاکہ پچھلی سطح پر نوجوانوں کی ہنر مند بنانے میں معاونت فراہم کی جا سکے چیف سیکرٹری نے کہاکہ معیاری اور اعلی تعلیم کے حصول کے لیے یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اس کے علاوہ صوبے کے مختلف حصوں میں کیڈٹ کالجز اور میڈیکل کالجزکا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے موجودہ حکومت جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ تقریب کے دوران مختلف ثقافتی روائتی پروگرامز بھی پیش کیے گئے جس سے شرکاء خوب محظوظ ہوئے۔



