مصباح کے بیٹے فہام الحق ٹورنامنٹ میں شرکت کی بجائے بیرون ملک روانہ
کراچی: جونیئر سطح پر عام طور پرنوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب ہوجائے تو انہیں رات کو نیندنہیں آتی ہے لیکن با اثر والد مصباح الحق کا بیٹاہونے کے ناتے سے نوجوان کرکٹرفہام الحق نے پی سی بی انڈر 16ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کی اور اہل خانہ کے ساتھ سیر کرنے آسٹریلیا چلے گئے۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ نوجوان کھلاڑی نے تین روزہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کی لیکن اس کے باوجود کیا سلیکٹرز انہیں ون ڈے ٹورنامنٹ کی ٹیم میں شامل کریں گے؟۔ون ڈے ٹورنامنٹ 8دسمبرسے شروع ہورہا ہے۔ سینٹرل پنجاب اور سندھ کا میچ فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔ فہام الحق نے ٹیم سے کٹ لینے کے باوجود تین روزہ ٹورنامنٹ کے دونوں میچ نہیں کھیلے اب انہیں ون ڈے ٹورنامنٹ میں کھلانے کی تیاری ہورہی ہے۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹرمصباح الحق دورہ آسٹریلیا کے بعد جمعہ کو لاہور پہنچے ہیں جہاں وہ ہفتے کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کریں گے۔