وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا خصوصی بچوں کے لیے “احساس اُمید” پروگرام کا باقاعدہ آغاز
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور — وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا، سہیل آفریدی نے اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس پشاور کا دورہ کیا اور خصوصی بچوں کے لیے “احساس اُمید پروگرام” کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس پروگرام کے تحت شدید معذوری کے شکار 10 ہزار افراد کو ماہانہ 5 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے، جو بایومیٹرک تصدیق کے ذریعے براہِ راست مستحقین کو منتقل کیے جائیں گے۔
بریفنگ کے مطابق، یہ پروگرام جنوری تا جون 2026 کے دوران 30 کروڑ روپے خرچ کرے گا، اور مستحقین کا انتخاب زکوٰۃ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت شفافیت کے ساتھ کیا جائے گا۔
مزید براں، وزیر اعلیٰ نے خصوصی بچوں کے سکولوں کے لیے 23 نئی گاڑیاں فراہم کیں، جن کی خریداری پر 37 کروڑ 70 لاکھ روپے خرچ ہوئے، اور معذور افراد کو 2,000 الیکٹرک وہیل چیئرز، 2,500 مینول وہیل چیئرز، اور 800 ٹرائی سائیکل فراہم کیے گئے۔ معاونتی آلات و اشیاء پر مجموعی طور پر 76 کروڑ روپے لاگت آئی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت کمزور طبقات کے لیے وہی راستہ اختیار کر رہی ہے جو سابق وزیراعظم عمران خان نے متعین کیا، اور ہدایت دی کہ زکوٰۃ فنڈ میں موجود رقم فوری طور پر مستحقین میں تقسیم کی جائے۔ ضم اضلاع کے معذور افراد کو بھی معاونتی آلات فراہم کرنے اور ان کے سکولوں کے لیے ٹرانسپورٹ سہولیات دینے کا حکم دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ یہ تمام اقدامات صوبائی وسائل سے کیے جا رہے ہیں، جبکہ وفاقی حکومت پر الزام لگایا کہ خیبرپختونخوا کو 3,000 ارب روپے سے زائد واجب الادا ہیں اور 5,300 ارب کی کرپشن ہوئی مگر کوئی جوابدہی نہیں ہوئی۔ سہیل آفریدی نے کہا، “ہم کام کر رہے ہیں، پھر بھی تنقید کی جاتی ہے”، اور خصوصی بچوں کے سکولوں میں تمام ناپید سہولیات فوری فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
Comments are closed.