سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 34.5 میگاواٹ ہرپو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی نظرثانی شدہ پی سی-ون کی منظوری دے دی ہے
12 ستمبر 2025
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
گلگت:
سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 34.5 میگاواٹ ہرپو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے نظرثانی شدہ پی سی-ون کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کی کل لاگت 34.34 ارب روپے مقرر کی گئی ہے، جس میں 70 ملین یورو کی مالی معاونت جرمن ترقیاتی بینک KfW اور فرانسیسی ترقیاتی ادارے AFD فراہم کریں گے۔
یہ منصوبہ بلتستان ریجن کے دیرینہ توانائی بحران کا پائیدار حل فراہم کرے گا اور خطے کو ترقی و خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن کرے گا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات حکومت گلگت بلتستان ایمان شاہ نے منصوبے کی منظوری کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی مدبرانہ قیادت اور حکومت کی سنجیدہ کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہرپو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نہ صرف بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا بلکہ روزگار، معیشت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ منصوبہ مقامی وسائل پر مبنی، ماحول دوست اور دیرپا توانائی کا ذریعہ ثابت ہوگا جس سے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ تعلیمی ادارے، صحت کے مراکز اور کاروباری شعبے بھی براہِ راست مستفید ہوں گے۔
ایمان شاہ نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت، KfW، AFD اور دیگر شراکت داروں کی معاونت کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔ انہوں نے ان تمام اداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گلگت بلتستان کے بہتر مستقبل کے لیے تعاون کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ گلگت بلتستان اب نظر انداز ہونے والا خطہ نہیں رہا بلکہ قومی ترقی کے دھارے میں شامل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے جو توانائی میں خود کفالت کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی فراہم کریں۔
ہرپو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے سکردو اور گردونواح کے ہزاروں گھرانوں کو مستحکم بجلی فراہم کی جائے گی، جس سے خصوصاً سردیوں کے دوران بجلی کی شدید قلت کا خاتمہ ممکن ہو گا۔
معاون خصوصی نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی مسلسل دلچسپی اور نگرانی کے باعث یہ اہم منصوبہ منظوری کی منزل تک پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے ہمیشہ عوامی مفاد کو مقدم رکھا اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھرپور حکمتِ عملی اور لابنگ کی۔
حکومت گلگت بلتستان اس تاریخی کامیابی پر عوام کو مبارکباد پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ خطے کی ترقی، خود کفالت اور خوشحالی کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے جو دیرپا اثرات کے حامل ہوں۔
Comments are closed.