بلوچستان میں جمہوری حقوق کی پامالی ناقابل برداشت ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کی پریس کانفرنس

18

خصوصی رپورٹ
استا محمد، 11 ستمبر: پاکستان تحریک انصاف نصیر آباد ڈویژن کے جنرل سیکریٹری سید بلاول شاہ، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری علی بخش نون، پی ٹی آئی رہنما میر محمد یوسف خان رند، ضلع استا محمد کے صدر عبدالجبار ہجوانی اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2 ستمبر کو سریاب روڈ کوئٹہ جلسے میں دھماکے کے نتیجے میں 20 سے زائد بی این پی کارکن جاں بحق اور تقریباً 50 زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد بی این پی مینگل نے 6 ستمبر کو صوبے بھر میں احتجاج کی کال دی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پرامن احتجاج کو کچلنے کے لیے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا، جو انسانی حقوق، آزادی اظہار اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے مگر بلوچستان حکومت اس حق کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر آج احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعے میں ملوث ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صوبے کے حالات ابتر ہیں، کوئی شہری اور تاجر محفوظ نہیں، حکومت عوام کو تحفظ دینے کے بجائے ان پر لاٹھی چارج کر رہی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔

Comments are closed.