آڈیٹر جنرل محمد اجمل گوندل کی صدر آصف علی زرداری سے الودا عی ملاقات
(خصوصی رپورٹ )
اسلام آباد، 10 ستمبر: آڈیٹر جنرل آف پاکستان محمد اجمل گوندل نے آج ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے الوداعی ملاقات کی۔
صدر مملکت نے آڈیٹر جنرل کے دفتر میں متعارف کرائی گئی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کیا جن کا مقصد شفافیت، کارکردگی اور بہتر سروس ڈلیوری کو فروغ دینا تھا۔ صدر نے مالی نظم و ضبط اور احتساب کے نظام کو مضبوط بنانے میں آڈیٹر جنرل کے آئینی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی آڈٹ طریقہ کار اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مالی نظم و نسق کو مزید بہتر اور کرپشن کو کم کیا جا سکے۔
اجمل گوندل نے اپنے دورِ ملازمت کے دوران کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی جن میں امپیکٹ آڈٹ، عوامی شراکت پر مبنی آڈٹ اور ڈیجیٹل اصلاحات شامل ہیں۔ ان اقدامات سے آڈیٹر جنرل کا ادارہ مزید شفاف، جامع اور عوامی توقعات کے مطابق فعال ہوا ہے۔
صدر مملکت نے اجمل گوندل کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Comments are closed.