گلگت بلتستان میں قیام امن اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات—وزیر اعلیٰ

19

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گلگت، 10 ستمبر

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ کسی بھی خطے کی تعمیر و ترقی امن کے بغیر ممکن نہیں۔ صوبائی حکومت نے مستقل قیام امن اور بھائی چارگی کے فروغ کیلئے اہم فیصلے کئے ہیں جن کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں اور آج گلگت بلتستان میں پائیدار امن قائم ہو چکا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے جلال آباد کے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو خوشحال اور پرامن گلگت بلتستان دینا ہے، اس مقصد کے لئے ہر فرد کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر صوبے کی بہتری کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر سیاسی مفادات کیلئے گلگت بلتستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں وہ علاقے کے ساتھ مخلص نہیں۔

اس موقع پر عمائدین جلال آباد نے صوبائی حکومت کی امن قائم رکھنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ کی مدبرانہ قیادت کو مثالی قرار دیا اور صوبے میں امن و امان اور تعمیر و ترقی کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے چینی سرمایہ کاروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاری اور جیمز انڈسٹری کے فروغ کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سہولیات دینے کیلئے انوسٹمنٹ بورڈ قائم کیا گیا ہے جبکہ مسائل کے بروقت حل کیلئے ’’ون ونڈو آپریشن‘‘ متعارف کرایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان کی موجودگی میں گلگت بلتستان میں اسپیشل اکنامک زون کے قیام کیلئے معاہدہ ہو چکا ہے جس سے صنعتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ اس موقع پر چینی وفد نے گلگت میں صنعت کے قیام میں گہری دلچسپی ظاہر کی جس پر وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ جامع پروپوزل صوبائی سیکریٹری منرلز اینڈ انڈسٹریز کے پاس جمع کرایا جائے تاکہ اس پر غور کیا جا سکے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر برائے وومن ڈویلپمنٹ دلشاد بانو، چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ فتح اللہ خان، وائس چیئرمین محمد علی قائد اور صوبائی سیکریٹری منرلز اینڈ انڈسٹریز بھی موجود تھے۔

Comments are closed.