
اسلام آباد (این این آئی)مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہاہے کہ عمران خان کے اقتدار میں دو ہزار انیس اداروں کے وقار پر کاری ضرب کا سال رہا ۔ایک بیان میں مولا بخش چانڈیو نے کہاکہ دو ہزار انیس وزیراعظم عمران خان کے یوٹرنز کے عالمی رکارڈ کا سال ثابت ہوا، عمران خان کے اقتدار میں دو ہزار انیس اداروں کے وقار پر کاری ضرب کا سال رہا ۔ مولابخش چانڈیو نے کہاکہ حکومت نے ایک سال کے اندر پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنے کا کوئی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیا، عمران خان کی قیادت میں حکومت نے اداروں میں تصادم کی نت نئی سازشیں متعارف کروائیں۔انہوںنے کہاکہ احتساب کے نام پر خان صاحب حکومت نے سیاسی انتقام کی انتہا کر دی، اپنی باری آئی تو عمران خان نے احتساب سے بھی بدترین یوٹرن لے کر آرڈیننس جاری کر دیا۔ مولابخش چانڈیو نے کہاکہ خان صاحب نے قرضہ نہ لینے، ایک کروڑ نوکریاں دینے کے وعدے سے یوٹرن لیا۔ مولابخش چانڈیو نے کہاکہ پچاس لاکھ گھر دینے کے وعدہ کرنے والے نے لاکھوں لوگوں کو بے گھر کر دیا، سب سے بڑا یوٹرن کشمیر پر لیا گیا اور حکومت نے کشمیریوں کے خون کا سودا کیا۔ مولابخش چانڈیو نے کہاکہ یوٹرن لے لے کر بالاخر خان صاحب نے خود کو بند گلی میں داخل کر لیا ہے، دو ہزار انیس تو نکل گیا مگر دو ہزار بیس میں خان صاحب اس بند گلی سے نہیں نکل پائیں گے۔مولابخش چانڈیو نے کہاکہ چیئرمن بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آصف زرداری کی بصیرت سے حکومت کو گھر بھیجیں گے، دو ہزار بیس اس حکومت کے الوداع کا سال ہے، جیالے اپنے قائد کی کہی بات کو حقیقت بنا کر رہیں گے۔




