اہم خبریںپاکستان

وزیراعظم عمران خان سے معروف کشمیری کارکن ٹونی ایشاء کی ملاقات ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مودی کا ہندتوا نظریات پرمبنی خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا،عالمی برادری کو مودی سرکار کے ایجنڈے اور خطے کے امن پر مہلک اثرات کا ادراک کرنا ہوگا،پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ پیر کو وزیرِ اعظم عمران خان سے معروف کشمیری کارکن ٹونی ایشاء نے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے نہتے کشمیریوں پرکیے جانے والے ظلم و ستم ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر خصوصاً موجودہ حالات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ بات چیت کے دوران ٹونی ایشاء نے کہا کہ مقبوضہ کمشیر کی عوام کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور بھارتی جبر و ستم اور خطے پر اس کے مہلک اثرات کے بارے میں اقوام عالم کی توجہ دلانے کے سلسلے میں وزیرِ اعظم عمران خان کی مسلسل کوششوں پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ ٹونی ایشائے نے کہاکہ وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر کشمیر کا مسئلہ اٹھانے سے جہاں یہ مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے وہاں مودی سرکارکا آر ایس ایس کی فلاسفی پر مبنی ایجنڈا اور بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا پردہ فاش ہوا ہے۔ ٹونی ایشاء نے وزیرِ اعظم کو امریکہ میں خصوصاً امریکی سینٹرز اور کانگریس کے اراکین کے سامنے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے حوالے سے اپنی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ معصوم کشمیریوں کے حقوق اور کشمیر کا مقدمہ ہر فورم پر اٹھانے اور ان کی آواز بننے کے لئے پرعزم ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہاکہ عالمی برادری کو مودی سرکار کے ایجنڈے اور خطے کے امن پر اس کے مہلک اثرات کا ادراک کرنا ہوگا۔وزیرِ اعظم نے کہاکہ آر ایس ایس اورہندتوا نظریات پر مبنی ایجنڈہ نہ صرف کشمیریوں بلکہ بھارت میں بسنے والے کرڑوں عوام کی شناخت مٹانے کا خواہاں ہے یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ عمران خان نے کہاکہ پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button