گوادر کی حدود میں کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ کا رات کے وقت داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا،محکمہ داخلہ بلوچستان
محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں اور موجودہ حالات کے پیش نظر، ضلعی انتظامیہ نے پبلک ٹرانسپورٹرز کو بذریعہ نوٹس مطلع کیا ہے کہ ، 28 مارچ 2025 سے تا حکمِ ثانی، ضلع گوادر کی حدود میں کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ کا رات کے وقت داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔
مسافروں کی سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے، ضلعی انتظامیہ نے پرائیویٹ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مشاورت کے بعد اوقات مقرر کیے ہیں۔
کراچی اور کوئٹہ سے گوادر آنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ صبح 5 بجے سے اپنا سفر شروع کرے گی، جبکہ آخری گاڑی صبح 10 بجے روانہ ہوگی تاکہ تمام مسافر گاڑیاں شام تک بحفاظت گوادر پہنچ سکیں۔ گوادر سے کراچی اور کوئٹہ جانے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ صبح 6 بجے روانہ ہوگی، جبکہ آخری گاڑی دوپہر 1 بجے نکلے گی تاکہ مسافر مغرب سے پہلے اپنی منزل پر پہنچ سکیں۔ان اوقات کے علاوہ ضلع گوادر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کو چیک پوسٹوں پر روک دیا جائے گا۔ لہٰذا، تمام ٹرانسپورٹرز حضرات سے گزارش ہے کہ مقررہ ٹریفک ایڈوائزری پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔