ابوظہبی کے ولی عہد کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقا ت،تجارت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
:پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہو ئے تجارت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق یہ اتفاق رائے جمعرات کو ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور ابوظہبی کے ولی عہد و چیئرمین ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل، شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کے درمیان ملاقات میں طے پایا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، خاتون اول/رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری، نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔صدر مملکت نے ولی عہد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان عوامی اور ثقافتی تعلقات تین نسلوں پر محیط ہیں اور ان تاریخی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے انہیں آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ضروری ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کی شاندار ترقی کو سراہا اور پاکستان کے لیے اس کے غیر متزلزل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور اماراتی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اماراتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کے دوران طے پانے والے مفاہمتی یادداشتیں (ایم او یوز) دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہیں۔
بعد ازاں، ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو پاکستان کے لیے ان کی گرانقدر خدمات اور غیر متزلزل حمایت کے اعتراف میں نشانِ پاکستان عطا کیا۔شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا، انہوں نے دونوں ممالک کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ان کی قیادت میں پاکستان کی معیشت میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے اقدامات کا اعلان کیا گیا، جن کا مقصد بنیادی ڈھانچے، توانائی، صحت، اور ٹیکنالوجی جیسے کلیدی شعبوں کی ترقی کو فروغ دینا اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔