ایف آئی اے کا انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ،گزشتہ 2 ماہ کے دوران 458 انسانی سمگلرز اور ایجنٹس گرفتار
:وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے کا انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ایف آئی اے نے گزشتہ 2 ماہ کے دوران 458 انسانی سمگلرز اور ایجنٹس کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان میں ریڈ بک کے 8 انتہائی مطلوب انسانی سمگلرز بھی شامل ہیں۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گزشتہ 2 ماہ کے دوران یونان کشتی حادثہ 2023 کے 19 اشتہاری انسانی سمگلروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔
یونان کشتی حادثہ 2024 میں ملوث 18 انسانی سمگلروں اورمراکش کشتی حادثہ 2025 میں ملوث 10 ایجنٹس بھی گرفتار کیا گیا۔گزشتہ 2 ماہ کے دوران ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کی 661.63 ملین روپے سے زائد مالیت کی جائیدادیں ضبط کیں۔انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے زیر استعمال 73.51 ملین روپے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کئے گئے۔ انٹرپول کے ذریعے انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے مجموعی طور پر 26 ریڈ نوٹسز جاری کئے گئے۔
انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ کشتی حادثہ میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ ملک کے تمام ایئرپورٹس پر تعینات افسران انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے گرفتاری کے لئے کڑی نگرانی کر رہے ہیں۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ایف آئی اے کی ٹیمیں انسانی سمگلنگ کے متاثرین سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انسانی سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے ،گرفتار انسانی سمگلروں کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں گی،بین الاقوامی سطح پر انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔