کمشنر قلات ڈویژن محمد نعیم خان بازئی کی زیرصدارت خضدار میں امن وامان کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد
خضدار میں امن وامان کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر قلات ڈویژن محمد نعیم خان بازئی نے کی۔اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری ،رکن بلوچستان اسمبلی میر ظفر اللہ خان زہری نے خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی خضدار رینج سہیل خالد ،ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی ،ایس ایس پی خضدار جاوید احمد زہری ،ایف سی آفیسر لیفننٹ کرنل انجم ظہور ،اسسٹنٹ کمشنر خضدارعبدالحفیظ ، اسسٹنٹ کمشنر کرخ صادق حریفال ، اسسٹنٹ کمشنر نال ندیم اکرم ،آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ٹکری بشیراحمد جتک ،جنرل سیکرٹری عبدالقدیر زہری ،انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمیداللہ مینگل ،ترجمان آغا سمیع اللہ شاہ ،خضدار پریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں امن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور امن وامان کی بہتری کے لئے تجاویز دی گئیں۔اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ دیر پا قیامِ امن کے حوالے سے عوام کی ہم سے اور قانون نافذ ادا کرنے والے اداروں سے بہت ساری امیدیں وابستہ ہیں ،اس حوالے سے تمام سکیورٹی اداروں کو اپنا کردارادا کرکے عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لئے کمر بستہ رہنا چاہے ،تاجر برادری اور عوام الناس کی ترجیحات پر من و عن عمل پیر ا ہو کر انہیں تحفظ کا احساس دینا چاہیئے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں کسی کی بھی نیتوں پر شک نہیں ہے تاہم مینجمنٹ میں بہتری لانے کی اشد ضرورت ہے ،کوئی بھی سکیورٹی ادارہ ہو انہیں اپنے دائرہ اختیار سے باہر نہیں جانا چاہیے اور اپنی تمام تر ذمہ داری من و عن ادا کرنی چاہیے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن بلوچستان اسمبلی میر ظفر اللہ خان زہری نے کہا کہ امن ہوگا تو لوگ پر سکون ہونگے ،لوگ آزادانہ ماحول میں معمولات زندگی سرانجام دیں گے ، معیشت کی بہتری کا دارو مدار قیام امن پر ہے ،قانون نافذ ادا کرنے والے اداروں کے سربراہان و منتظمین کسی بھی ٹرانسفر پوسٹنگ کے خوف سے بالا تر ہو کر عوام کے تحفظ کے لئے اقدامات کریں اور کسی بھی فرد یا بااثر افراد کے لئے معاونت کا کردار ادا نہ کریں ۔
اجلاس سے آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے چیئرمین ٹکری بشیراحمد جتک جنرل سیکرٹری عبدالقدیر زہری ،انجمن تاجرا ن خضدار کے صدر حافظ حمیداللہ مینگل ،سید سمیع اللہ شاہ اور خضدار پریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی نے بھی اظہارِ خیال کیا اورامن وامان کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔ ایس ایس پی خضدار جاوید احمد زہری نے کہ اگر کوئی واقعہ ہوتا ہے تو اس کے بعد پولیس اپنا کردار ادا کرتی ہے گزشتہ روز اگر چوری اور ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا تھا تو اس کے بعد پولیس نے اپنا کردار بھی نبھایا اور تقریباً 9 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن سے دو موٹرسائیکلز اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا، پولیس مزید اپنی اصلاح کریگی اور عوام کو تحفظ کا احساس دلائے گی۔
ڈی آئی جی خضدار رینج سہیل خالد کا کہنا تھاکہ ہماری مستقبل کے لئے کوشش ہوگی کہ عوام کو مزید بہتر انداز میں تحفظ کا احساس دلائیں ،ان کی جان و مال کی حفاظت کی جائے ،تاجروں کو پرامن ماحول فراہم کیا جائے ۔اجلاس سے اختتامی خطا ب کرتے ہوئے کمشنر قلات ڈویژں محمد نعیم خان بازئی نے کہ عوام کی جانب سے شکایات کا اظہا ر ان کا بنیادی حق ہے ،ہم عوام کی خدمت کے لئے بیٹھے ہیں اور اس خدمت پر ہم فخر محسوس کرتے ہیں،سکیورٹی اداروں کو مزید موثر انداز میں عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لئے کمربستہ ہونا چاہیے اور اس کے لئے کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ،لیویز اور دیگر سکیورٹی ادارے عوامی نمائندوں ،سیاسی سٹیک ہولڈرز اور تاجر برادری کے تعاون سے قیام امن میں مزید بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔